EN हिंदी
سفر سے مجھ کو بد دل کر رہا تھا | شیح شیری
safar se mujhko bad-dil kar raha tha

غزل

سفر سے مجھ کو بد دل کر رہا تھا

شارق کیفی

;

سفر سے مجھ کو بد دل کر رہا تھا
بھنور کا کام ساحل کر رہا تھا

وہ سمجھا ہی کہاں اس مرتبے کو
میں اس کو دکھ میں شامل کر رہا تھا

ہماری فتح تھی مقتول ہونا
یہی کوشش تو قاتل کر رہا تھا

کوئی تو تھا مرے ہی قافلے میں
جو میرا کام مشکل کر رہا تھا

وہ ٹھکرا کر گیا اس دور میں جب
میں جو چاہوں وہ حاصل کر رہا تھا

تری باتوں میں یوں بھی آ گیا میں
بھٹکنے کا بہت دل کر رہا تھا

کوئی مجھ سا ہی دیوانہ تھا شاید
جو ویرانے میں محفل کر رہا تھا

یہ دل خود غرض دل غم خوار تیرا
خوشی غم میں بھی حاصل کر رہا تھا

سمجھتا تھا میں سازش آئنے کی
مجھے میرے مقابل کر رہا تھا