EN हिंदी
روز اخبار میں چھپ جانے سے ملتا کیا ہے | شیح شیری
roz aKHbar mein chhap jaane se milta kya hai

غزل

روز اخبار میں چھپ جانے سے ملتا کیا ہے

انجم عباسی

;

روز اخبار میں چھپ جانے سے ملتا کیا ہے
اپنی تشہیر کے افسانے میں رکھا کیا ہے

تم نے جس کو غم ایام کہا ہے یارو
وہ مرے درد کا حصہ ہے تمہارا کیا ہے

جھن جھنے دے کے مرے ہاتھ میں کوئی مجھ کو
قید ہستی کی سزا دے یہ تماشا کیا ہے

کل تلک جو مری تعریف کیا کرتا تھا
آج وہ بھی مرا دشمن ہے یہ قصہ کیا ہے

ہم اگر ڈوب بھی جائیں تو ابھر سکتے ہیں
ہم کو معلوم ہے جینے کا سلیقہ کیا ہے

ہم نے سوغات سمجھ کر تو اسے اپنایا
اب یہ کیوں سوچیں کہ اس غم کا مداوا کیا ہے

یوں تو سب لوگ تمہیں جانتے ہوں گے انجمؔ
اور کوئی بھی نہ جانے تو بگڑتا کیا ہے