EN हिंदी
پھول ہونٹوں کو غزل خواں دیکھنا | شیح شیری
phul honTon ko ghazal-KHwan dekhna

غزل

پھول ہونٹوں کو غزل خواں دیکھنا

طفیل بسمل

;

پھول ہونٹوں کو غزل خواں دیکھنا
مجھ کو بہکانے کے ساماں دیکھنا

دیکھنا دل کے در و دیوار پر
چاند چہروں کا چراغاں دیکھنا

گل لبوں سے کی ہے میں نے گفتگو
میرے ہونٹوں پر گلستاں دیکھنا

زلف لہرا کے مرے دل میں ذرا
خواہشوں کا ایک طوفاں دیکھنا

اس کو پا لینا تو پھر میری طرح
خود کو خود اپنا ہی خواہاں دیکھنا

جلتے رہنا اس کے غم کی آنچ پر
درد بن جائے گا درماں دیکھنا

تجھ کو جب چاہا تو بسملؔ بن گیا
کتنا دانا ہے یہ ناداں دیکھنا