EN हिंदी
پتا چلا کہ مری زندگی میں لکھا تھا | شیح شیری
pata chala ki meri zindagi mein likkha tha

غزل

پتا چلا کہ مری زندگی میں لکھا تھا

مجاہد فراز

;

پتا چلا کہ مری زندگی میں لکھا تھا
وہ جس کا نام کبھی ڈائری میں لکھا تھا

وہ کس قبیلے سے ہے کون سے گھرانے سے
سب اس کے لہجے کی شائستگی میں لکھا تھا

نظر میں آئے بہت سے سجے بنے چہرے
مگر جو حسن تری سادگی میں لکھا تھا

وہ مجھ غریب کی حالت پہ اور کیا کہتا
تمام زہر تو اس کی ہنسی میں لکھا تھا

گئے دنوں کی کہانی ہے جب رئیسوں کا
وقار چال کی آہستگی میں لکھا تھا

فرازؔ ڈھونڈ رہے ہو وفاؤں کی خوشبو
یہ ذائقہ کسی گزری صدی میں لکھا تھا