EN हिंदी
پل پل جینے کی خواہش میں کرب شام و سحر مانگا | شیح شیری
pal pal jine ki KHwahish mein karb-e-sham-o-sahar manga

غزل

پل پل جینے کی خواہش میں کرب شام و سحر مانگا

ظفر گورکھپوری

;

پل پل جینے کی خواہش میں کرب شام و سحر مانگا
سب تھے نشاط نفع کے پیچھے ہم نے رنج ضرر مانگا

اب تک جو دستور جنوں تھا ہم نے وہی منظر مانگا
صحرا دل کے برابر چاہا دریا آنکھوں بھر مانگا

دیکھنا یہ ہے اپنے لہو کی کتنی اونچی ہے پرواز
ایسی تیز ہوا میں ہم نے کاغذ کا اک پر مانگا

ابر کے احساں سے بچنا تھا دل کو ہرا بھی رکھنا تھا
ہم نے اس پودے کی خاطر موج دیدۂ تر مانگا

کوئی اثاثہ پاس نہیں اور آندھی ہر دن کا معمول
ہم نے بھی کیا سوچ سمجھ کر بے دیوار کا گھر مانگا

کھلا کہ وہ بھی تیری طلب کا اک بے نام تسلسل تھا
دنیا سے جو بھی ہم نے حالات کے زیر اثر مانگا