نکہت زلف سے نیندوں کو بسا دے آ کر
میری جاگی ہوئی راتوں کو سلا دے آ کر
فکر فردا و غم دوش بھلا دے آ کر
پھر اسی ناز سے دیوانہ بنا دے آ کر
عشق کو نغمۂ امید سنا دے آ کر
دل کی سوئی ہوئی قسمت کو جگا دے آ کر
کس قدر تیرہ و تاریک ہے دنیائے حیات
جلوۂ حسن سے اک شمع جلا دے آ کر
عشق کی چاندنی راتیں مجھے یاد آتی ہیں
عمر رفتہ کو مری مجھ سے ملا دے آ کر
زندگی بن کے مرے دل میں سما جا سلمیٰ
موت اک پردہ ہے یہ پردہ اٹھا دے آ کر
آگ سی دل میں لگا جاتا ہے تیرا ہر خط
آ مرے خرمن ہستی کو جلا دے آ کر
تیری فرقت میں مرے شعر ہیں کتنے غمگیں
مسکراتی ہوئی نظروں سے ہنسا دے آ کر
پھر وہی ہم ہوں وہی دن ہوں وہی راتیں ہوں
عہد رفتہ کو پھر آئینہ دکھا دے آ کر
شوق نادیدہ میں لذت ہے مگر ناز نہیں
آ مرے عشق کو مغرور بنا دے آ کر
شب فرقت پہ مری ہنستے ہیں اے خندۂ نور
میرے قدموں پہ ستاروں کو گرا دے آ کر
تشنۂ حسن ہوں اے ساقی مے خانۂ حسن
اپنے ہونٹوں سے پھر اک جام پلا دے آ کر
کب تلک رونق شام اودھ اے ماہ رواں
شام لاہور کو بھی صبح بنا دے آ کر
ہو چکی سیر بہاراں کدۂ قیصر باغ
باغ لارنس میں بھی پھول کھلا دے آ کر
گومتی دیکھ چکی جلوۂ عارض کی بہار
سطح راوی کو بھی آئینہ بنا دے آ کر
تیرا رومان نیا خواب ہے اخترؔ کے لیے
آ اور اس خواب کی تعبیر بتا دے آ کر
غزل
نکہت زلف سے نیندوں کو بسا دے آ کر
اختر شیرانی