نظر نظر سے ملاؤ حجاب کیا معنی
نیاز عشق سے یہ اجتناب کیا معنی
چنیں گے ایک مجھی کو وہ ہر ستم کے لئے
خطا کرے نظر انتخاب کیا معنی
غرض ہی کیا تھی تماشائے دہر سے تم کو
اب آئے ہو تو یہ رخ پر نقاب کیا معنی
وقار مہر و وفا کو تو سرنگوں نہ کرو
ہر اک سوال کا الٹا جواب کیا معنی
مری نظر ہی سے یہ احتیاط ہے ورنہ
نقاب کے لیے بند نقاب کیا معنی
حد شمار سے باہر ہیں جب گناہ مرے
حساب کے لیے یوں بے حساب کیا معنی
سکون دل تو جہاں میں کہیں نہیں اے جوشؔ
پھر اس سکوں کے لیے اضطراب کیا معنی
غزل
نظر نظر سے ملاؤ حجاب کیا معنی
جوشؔ ملسیانی

