نغمے تڑپ رہے ہیں دل بے قرار میں
آنکھیں برس رہی ہیں غم انتظار میں
فطرت اداس سی ہے گھٹائیں ہیں سوگوار
اک غم نصیب حسن ہے ابر بہار میں
ہے ذرہ ذرہ شوق سماعت سے بے قرار
تم گنگنا رہے ہو کسی آبشار میں
ساون کی رت بہار کا موسم اندھیری رات
رم جھم کے گیت گونج رہے ہیں پھوار میں
سپنوں میں ہو گیا ہے سویرا کہیں مجھے
بیٹھا ہوا ہوں جیسے کسی لالہ زار میں
ایسا لگا کہ ساتھ ہی گاتے ہیں آبشار
کیا موہنی سی لے ہے تمہارے ستار میں
کیوں آج سر جھکائے ہوئے رو رہے ہو تم
بکھرے ہوئے ہیں بال غم و انتشار میں

غزل
نغمے تڑپ رہے ہیں دل بے قرار میں
بی ایس جین جوہر