EN हिंदी
نہ تو ہم بحر سے واقف نہ سخن جانتے ہیں | شیح شیری
na to hum bahr se waqif na suKHan jaante hain

غزل

نہ تو ہم بحر سے واقف نہ سخن جانتے ہیں

فیض خلیل آبادی

;

نہ تو ہم بحر سے واقف نہ سخن جانتے ہیں
کیسے دیں لفظوں کو ترتیب یہ فن جانتے ہیں

وہ کسی طور بھی تجھ کو نہ لگائیں گے گلے
اے خوشی جو بھی ترا چال چلن جانتے ہیں

دل کے مندر میں ہیں دو ایک پجاری ایسے
جو نہ پوجا نہ عبادت نہ بھجن جانتے ہیں

اس لئے تھام کے رکھا ہے جنوں کا دامن
اے خرد ہم ترا دیوالیہ پن جانتے ہیں

جو محبت کے ہیں الفاظ مرے ہونٹوں پر
وہ تعصب کا ترے چیر ہرن جانتے ہیں

پاؤں پھیلاتے ہیں اتنا کہ ہے جتنی چادر
اپنی اوقات ہے کیا خوب اپن جانتے ہیں