EN हिंदी
نہ شوخیوں سے کرے ہیں وہ چشم گلگوں رقص | شیح شیری
na shoKHiyon se kare hain wo chashm-e-gul-gun raqs

غزل

نہ شوخیوں سے کرے ہیں وہ چشم گلگوں رقص

ولی عزلت

;

نہ شوخیوں سے کرے ہیں وہ چشم گلگوں رقص
کہ ان کے پینے سے کرتا ہے واں مرا خوں رقص

نہ پیچ و تاب ہوا سے ہے آب میں گرداب
کہ میرے اشک کے آگے کرے ہے جیجوں رقص

طواف سوختۂ عشق دیکھ لے اے شمع
کرے ہے جلنے سے آگے پتنگ مفتوں رقص

کرے ہے شعلۂ شمع سحر سا لب پہ مرے
اے آفتاب لقا خوش ہو جان محزوں رقص

مثال قبلہ نما فخر فکر عزلتؔ سے
کرے ہے مصرع روشن کے بیچ مضموں رقص