EN हिंदी
نہ نوازشوں کی ہے آرزو نہ تری جفا کا ملال ہے | شیح شیری
na nawazishon ki hai aarzu na teri jafa ka malal hai

غزل

نہ نوازشوں کی ہے آرزو نہ تری جفا کا ملال ہے

نیرآثمی

;

نہ نوازشوں کی ہے آرزو نہ تری جفا کا ملال ہے
تو نظر سے اپنی گرا نہ دے یہی ایک دل میں خیال ہے

تجھے جان مہر و وفا کہیں تجھے عکس شان خدا کہیں
تجھے کیا سے کیا ہے بنا دیا یہ مری نظر کا کمال ہے

ہے اسی سے روح میں تازگی یہی قلب و جاں کی ہے روشنی
تو خدارا ترک ستم نہ کر مری زندگی کا سوال ہے

تری راہ میں تری چاہ میں یہ مقام کون سا آ گیا
کہ خوشی کہ مجھ کو خوشی نہیں نہ ملال ہی کا ملال ہے

وہ نظر کسی کی جھکی جھکی وہ ہنسی کسی کی رکی رکی
کسے پاس ضبط کا ہوش ہے کسے گفتگو کی مجال ہے

کبھی روتے روتے ہنسا دیا کبھی ہنستے ہنستے رلا دیا
تری یاد ہی سے ہے ہر خوشی ترے ذکر ہی سے ملال ہے