مجھ کو کہاں گمان گزرتا کہ میں بھی ہوں
دیکھا تمہیں تو میں نے یہ جانا کہ میں بھی ہوں
میرے بھی بخت میں ہے اندھیرا کہ میں بھی ہوں
سمجھے نہ رات خود کو اکیلا کہ میں بھی ہوں
گھر تو بہا کے لے گیا خاشاک کی طرح
دریا نہ چھوڑ مجھ کو اکیلا کہ میں بھی ہوں
اے کاش چیختا اسے آتا تو میں نظر
اس صاحب نظر نے نہ دیکھا کہ میں بھی ہوں
میں اپنی دھن میں کتنی بلندی پہ آ گیا
کوئی نہیں ہے دیکھنے والا کہ میں بھی ہوں
غزل
مجھ کو کہاں گمان گزرتا کہ میں بھی ہوں
مسلم سلیم