مثل صحرا ہے رفاقت کا چمن بھی اب کے
جل بجھا اپنے ہی شعلوں میں بدن بھی اب کے
خار و خس ہوں تو شرر خیزیاں دیکھوں پھر سے
آنکھ لے آئی ہے اک ایسی کرن بھی اب کے
ہم تو وہ پھول جو شاخوں پہ یہ سوچیں پہروں
کیوں صبا بھول گئی اپنا چلن بھی اب کے
منزلوں تک نظر آتا ہے شکستوں کا غبار
ساتھ دیتی نہیں ایسے میں تھکن بھی اب کے
منسلک ایک ہی رشتے میں نہ ہو جائے کہیں
ترے ماتھے ترے بستر کی شکن بھی اب کے
بے گناہی کے لبادے کو اتارو بھی نصیرؔ
راس آ جائے اگر جرم سخن بھی اب کے
غزل
مثل صحرا ہے رفاقت کا چمن بھی اب کے
نصیر ترابی