EN हिंदी
مری طرف سے یہ بے خیالی نہ جانے ان کو خیال کیا ہے | شیح شیری
meri taraf se ye be-KHayali na jaane un ko KHayal kya hai

غزل

مری طرف سے یہ بے خیالی نہ جانے ان کو خیال کیا ہے

جلیلؔ مانک پوری

;

مری طرف سے یہ بے خیالی نہ جانے ان کو خیال کیا ہے
کبھی نہ پوچھا ملال کیا ہے کبھی نہ دیکھا کہ حال کیا ہے

مبارک اغیار سے تعلق نئی ہے چاہت نیا تعشق
بلا سے ہم ہو گئے تصدق تمہیں اب اس کا ملال کیا ہے

تجھی کو جانا تجھی کو مانا تجھی پہ دی جان غائبانہ
چھپا نہیں کچھ مرا فسانہ یہ اب جواب و سوال کیا ہے

وصال ہو یا رہے جدائی تمہاری اے جان جیسی مرضی
جو اپنی حالت تھی میں نے کہہ دی اب آگے میری مجال کیا ہے

نظر اٹھائیں جو آرسی سے تو ان سے پوچھوں یہ میں ہنسی سے
لگائی ہے آنکھ کیا کسی سے کہو تو یہ دیکھ بھال کیا ہے

در محبت کا اک گدا ہوں پری کا طالب نہ حور کا ہوں
تجھی کو تجھ سے میں چاہتا ہوں بس اور میرا سوال کیا ہے

کہاں تک اے واعظو یہ جھگڑے مزے اٹھانے دو بے خودی کے
جو ہوش میں ہوں تو میں یہ سمجھوں حرام کیا ہے حلال کیا ہے

بس اب محبت سے ہاتھ اٹھاؤ بھلے کو کہتے ہیں مان جاؤ
نہ آپ کو اس طرح مٹاؤ جلیلؔ دیکھو تو حال کیا ہے