مرے جوش غم کی ہے عجب کہانی
کبھی اٹھتا شعلہ کبھی بہتا پانی
ہے خوشی کا سودا خلش نہانی
ہے جگر کا چھالا ثمر جوانی
جو خوشی ہے فانی تو ہے غم بھی فانی
نہ یہ جاودانی نہ وہ جاودانی
ازلی محبت ابدی کہانی
کہ پس فنا ہے نئی زندگانی
ستم و رضا میں یہ ہے عہد محکم
جو تری کہانی وہ مری کہانی
وہ اٹھیں گے طوفاں کہ خدا بچائے
یہ نئے نظارے یہ بھری جوانی
یہ نگاہ ترچھی یہ بل ابروؤں کا
ہر ادا ہے دل کش مگر امتحانی
مری کشتئ دل دم آہ و افغاں
کبھی بادبانی تو کبھی دہانی
در دل سے پلٹا ہر اک آنے والا
تری یاد کیا تھی مری پاسبانی
یہ ترا تلون یہ بدلتی چتون
عجب اک بلا ہے کہ ہے ناگہانی
مری کشت دل پر پئے ژالہ باری
ہے سپید بادل عقب جوانی
کبھی آرزو تھا یہی داغ حسرت
مجھے جو بنا دے تری مہربانی
غزل
مرے جوش غم کی ہے عجب کہانی
آرزو لکھنوی