EN हिंदी
مل گیا جب وہ نگیں پھر خوبیٔ تقدیر سے | شیح شیری
mil gaya jab wo nagin phir KHubi-e-taqdir se

غزل

مل گیا جب وہ نگیں پھر خوبیٔ تقدیر سے

شعیب نظام

;

مل گیا جب وہ نگیں پھر خوبیٔ تقدیر سے
دل کو کیا کیا وحشتیں ہیں سنگ کی تاثیر سے

جلتا بجھتا ایک جگنو کی طرح تیرا خیال
بس یہی نسبت ہے اپنی رات کو تنویر سے

پھر ہوا کے ہاتھ پر بیعت کو دل بیتاب ہے
آنکھ پھر روشن ہوئی ہے گرد کی تحریر سے

شب نہ جانے آنکھ پر کیا راز افشا کر گئی
خواب چکناچور ہو کر رہ گئے تعبیر سے

خود فریبی ہے کہ اس کو آگہی کا نام دوں
اپنی قامت ناپتا ہے آج وہ شمشیر سے

اس شکستہ گھر کا گرنا یوں لگا مجھ کو نظامؔ
ٹوٹ جائے اک کڑی جیسے کسی زنجیر سے