EN हिंदी
میری تعریف کرے یا مجھے بدنام کرے | شیح شیری
meri tarif kare ya mujhe bad-nam kare

غزل

میری تعریف کرے یا مجھے بدنام کرے

مقبول عامر

;

میری تعریف کرے یا مجھے بدنام کرے
جس نے جو بات بھی کرنی ہے سر عام کرے

زخم پر وقت کا مرہم تو لگا دیتی ہے
اور کیا اس کے سوا گردش ایام کرے

محتسب سے میں اکیلا ہی نمٹ سکتا ہوں
جس نے جو جرم کیا ہے وہ مرے نام کرے

وہ مری سوچ سے خائف ہے تو اس سے کہنا
مجھ میں اڑتے ہوئے طائر کو تہہ دام کرے

کون آئے گا پئے پرسش احوال یہاں
کس کی خاطر کوئی تزئین در و بام کرے

مجھ کو بھی ہو مری اوقات کا کچھ اندازہ
کوئی تو صورت یوسف مجھے نیلام کرے