EN हिंदी
مجبوریوں کا پاس بھی کچھ تھا وفا کے ساتھ | شیح شیری
majburiyon ka pas bhi kuchh tha wafa ke sath

غزل

مجبوریوں کا پاس بھی کچھ تھا وفا کے ساتھ

سلیم احمد

;

مجبوریوں کا پاس بھی کچھ تھا وفا کے ساتھ
وہ راستے سے پھر گیا کچھ دور آ کے ساتھ

قرب بدن سے کم نہ ہوئے دل کے فاصلے
اک عمر کٹ گئی کسی نا آشنا کے ساتھ

ساتھ اس کے رہ سکے نہ بغیر اس کے رہ سکے
یہ ربط ہے چراغ کا کیسا ہوا کے ساتھ

میں جھیلتا رہا ہوں عذاب اس کا عمر بھر
بچپن میں ایک عہد کیا تھا خدا کے ساتھ

پہلے تو ایک خانۂ ویراں کا شور تھا
اب دل بھی گونجتا ہے خروش ہوا کے ساتھ

یہ رنگ دست ناز یونہی تو نہیں سلیمؔ
دل کا لہو بھی صرف ہوا ہے حنا کے ساتھ