EN हिंदी
میں نے لوگوں کو نہ لوگوں نے مجھے دیکھا تھا | شیح شیری
maine logon ko na logon ne mujhe dekha tha

غزل

میں نے لوگوں کو نہ لوگوں نے مجھے دیکھا تھا

عابد ملک

;

میں نے لوگوں کو نہ لوگوں نے مجھے دیکھا تھا
صرف اس رات اندھیروں نے مجھے دیکھا تھا

پوچھتا پھرتا ہوں میں اپنا پتہ جنگل سے
آخری بار درختوں نے مجھے دیکھا تھا

یوں ہی ان آنکھوں میں رہتی نہیں صورت میری
آخر اس شخص کے خوابوں نے مجھے دیکھا تھا

اس لئے کچھ بھی سلیقے سے نہیں کر پاتا
گھر میں بکھری ہوئی چیزوں نے مجھے دیکھا تھا

ڈوبتے وقت بچانے نہیں آئے لیکن
یہی کافی ہے کہ اپنوں نے مجھے دیکھا تھا