مگر وہ دیا ہی نہیں مان کر کے
بہت ہم نے دیکھا ہے جی جان کر کے
کبھی دل کو بھی سیر کر جاؤ صاحب
یہ غنچہ بھی ہے گا گلستان کر کے
نظر اس سراپے میں سو جا سے پلٹی
زلیخائی یوسفستان کر کے
وہ جس روز نکلیں جگ اجیارنے کو
یہ دل بھی دکھا لائیو دھیان کر کے
جناب آپ حور و ملک ہوں گے لیکن
سمجھیے گا عاشق کو انسان کر کے
تری لالہ زاری سلامت کہ ہم بھی
کھڑے ہیں کوئی غنچہ ارمان کر کے
مسیح و خضر سر بکف پھر رہے ہیں
کوئی اس پہ مرنا ہے آسان کر کے
مری کشت جاں پر سے گزرا ہے جاویدؔ
سحاب جنوں زور باران کر کے
غزل
مگر وہ دیا ہی نہیں مان کر کے
احمد جاوید