EN हिंदी
کیوں چاند کو سمجھے کوئی پیغام کسی کا | شیح شیری
kyun chand ko samjhe koi paigham kisi ka

غزل

کیوں چاند کو سمجھے کوئی پیغام کسی کا

خورشید احمد جامی

;

کیوں چاند کو سمجھے کوئی پیغام کسی کا
صحرا کی کڑی دھوپ بھی ہے نام کسی کا

ٹوٹی ہوئی اک قبر کے کتبے پہ لکھا تھا
یہ چین کسی کا ہے یہ آرام کسی کا

خوابوں کے دریچے میں ہو جیسے کوئی چہرہ
یوں درد نکھرتا ہے سر شام کسی کا

غزلوں پہ بھی ہوتا ہے کسی شکل کا دھوکا
تاروں کو بھی دیتا ہوں کبھی نام کسی کا

تاریخ کے پھیلے ہوئے صفحات پہ جیسے
زخموں کی نمائش ہے فقط کام کسی کا

ہاتھوں کی لکیریں ہیں یہ ویران سی راہیں
سوکھے ہوئے پتے ہیں یہ انجام کسی کا

جامیؔ جو اتر جائے اندھیروں کے بدن میں
وہ شعلۂ تخلیق ہے انعام کسی کا