کچھ لگی دل کی بجھا لوں تو چلے جائیے گا
خیر سینے سے لگا لوں تو چلے جائیے گا
میں زخود رفتہ ہوا سنتے ہی جانے کی خبر
پہلے میں آپ میں آ لوں تو چلے جائیے گا
راستہ گھیرے ہیں ارمان و قلق حسرت و یاس
میں ذرا بھیڑ ہٹا لوں تو چلے جائیے گا
پیار کر لوں رخ روشن کی بلائیں لے لوں
قدم آنکھوں سے لگا لوں تو چلے جائیے گا
میرے ہونے ہی نے یہ روز سیہ دکھلایا
اپنی ہستی کو مٹا لوں تو چلے جائیے گا
چھوڑ کر زندہ مجھے آپ کہاں جائیں گے
پہلے میں جان سے جا لوں تو چلے جائیے گا
آپ کے جاتے ہی بیدمؔ کی سنے گا پھر کون
اپنی بیتی میں سنا تو چلے جائیے گا
غزل
کچھ لگی دل کی بجھا لوں تو چلے جائیے گا
بیدم شاہ وارثی