EN हिंदी
کوئی تو ذہن کے در پر ضرور دستک دے | شیح شیری
koi to zehan ke dar par zarur dastak de

غزل

کوئی تو ذہن کے در پر ضرور دستک دے

نسیم سحر

;

کوئی تو ذہن کے در پر ضرور دستک دے
اگر شعور نہ دے لا شعور دستک دے

طلوع صبح کا منظر عجیب ہوتا ہے
جب آسماں سے صدائے طیور دستک دے

اس انتظار میں ہے میرا قصر بے خوابی
کہ کوئی نیند پری کوئی حور دستک دے

فصیل شہر تمنا کی تیرگی بھی چھٹے
کبھی تو اس پہ کوئی صبح نور دستک دے

پھر ایک بار عذاب شکستگی سے گزر
پھر اس کے در پہ دل ناصبور دستک دے

انا کے خول سے نکلیں تو یوں بھی ممکن ہے
در فقیر پہ دست غرور دستک دے

ہم اور نور کی خیرات مانگنے جائیں
ہمارے در پہ تو خود کوہ طور دستک دے

مجھے غیاب کا عالم زیادہ راس آیا
مگر کبھی کبھی شوق ظہور دستک دے

حدود وقت کے دروازے منتظر ہیں نسیمؔ
کہ تو یہ فاصلے کر کے عبور دستک دے