EN हिंदी
کسی کو لاکھ الم ہو ذرا ملال نہیں | شیح شیری
kisi ko lakh alam ho zara malal nahin

غزل

کسی کو لاکھ الم ہو ذرا ملال نہیں

لالہ مادھو رام جوہر

;

کسی کو لاکھ الم ہو ذرا ملال نہیں
کوئی مرے کہ جیے کچھ انہیں خیال نہیں

یہ جانتا ہوں مگر کیا کروں طبیعت کو
کہ مے حرام ہے اے واعظو حلال نہیں

عبث غرور ہے منگوا کے آئنہ دیکھو
وہ رنگ و روپ نہیں اب وہ سن و سال نہیں

حضور آپ جو ہوتے تو کوئی کیوں بنتا
یہ خوبی آپ کی ہے غیر کی مجال نہیں

ادھر تو دیکھو ہمیں دو ہی دن میں بھول گئے
یہ بے مروتی اللہ کچھ خیال نہیں

بہار حسن یہ دو دن کی چاندنی ہے حضور
جو بات اب کی برس ہے وہ پار سال نہیں

حذر نہ کیجئے ملنے سے خاکساروں کے
دعا تو ہے جو فقیروں کے پاس مال نہیں

کسی نے جا کے برائی کہی جو جوہرؔ کی
کہا یہ جھوٹ ہے اس کی تو یہ مجال نہیں