کسے عزیز نہیں ہوگی زندگی میری
کسی پہ بار ہی کب تھی یہاں خوشی میری
بغیر اس سے ملے اس کے گھر سے لوٹی ہوں
کہاں گئی تھی مجھے لے کے سادگی میری
کبھی جو بھولنا چاہو گے دشمنی کے دن
ہمیشہ یاد دلائے گی دوستی میری
تمہیں وہ چین سے سونے کبھی نہیں دے گی
ستائے گی تمہیں ہر بات پہ کمی میری
مہکتا جھومتا اک تازہ پھول ہوں میں بھی
بکھر گئی ہے ہواؤں میں تازگی میری
اسی مقام پہ تم بھی کرن چلے آؤ
جہاں پہ تم نے بدل دی تھی زندگی میری

غزل
کسے عزیز نہیں ہوگی زندگی میری
کویتا کرن