EN हिंदी
کدھر جائیے اور کہاں بیٹھیے | شیح شیری
kidhar jaiye aur kahan baiThiye

غزل

کدھر جائیے اور کہاں بیٹھیے

مصحفی غلام ہمدانی

;

کدھر جائیے اور کہاں بیٹھیے
پرچتا نہیں دل جہاں بیٹھیے

میں دیکھا تمہیں خوب پردے میں اب
ذرا اور ہو کر نہاں بیٹھیے

کھڑے دیکھتے کیا ہو پھر آئیے
کرم کیجیے مہرباں بیٹھیے

ابھی سے کہاں اٹھ چلے کوئی دم
غنیمت ہے صحبت میاں بیٹھیے

ترے ہاتھوں سے اے جفائے فلک
بتا تو ہی چھپ کر کہاں بیٹھیے

بٹھایا مجھے تم نے زنداں میں خوب
میں بیٹھا بس اب دوستاں بیٹھیے

تم آنکھوں میں کیا بیٹھتے ہو مری
بہ پہلوئے دل مثل جاں بیٹھیے

نہیں بیٹھنے کی تمہارے وہ جا
ادھر آئیے اب یہاں بیٹھیے

نہ پہنچوں گے منزل کو تم مصحفیؔ
گیا دور اب کارواں بیٹھیے