EN हिंदी
خواہش تخت و تاج اور ہے کچھ | شیح شیری
KHwahish-e-taKHt-o-taj aur hai kuchh

غزل

خواہش تخت و تاج اور ہے کچھ

محسن زیدی

;

خواہش تخت و تاج اور ہے کچھ
لیکن اپنا مزاج اور ہے کچھ

کیا بھروسا بدلتے موسم کا
رنگ کل کچھ تھا آج اور ہے کچھ

پاسداری یہاں نہیں چلتی
اس نگر کا رواج اور ہے کچھ

خوش نہ ہو ہم جو ہو گئے خاموش
صورت احتجاج اور ہے کچھ

کام چلتا نہیں ہے مرہم سے
زخم دل کا علاج اور ہے کچھ

سوچنا اور اداس ہو جانا
حال ہی دل کا آج اور ہے کچھ

اک زمانہ تھا ہم مزاج تھے ہم
اب تو اس کا مزاج اور ہے کچھ

شعر کہنا ہے ایک فن محسنؔ
دفتری کام کاج اور ہے کچھ