خوب رو خوب کام کرتے ہیں
یک نگہ میں غلام کرتے ہیں
دیکھ خوباں کوں وقت ملنے کے
کس ادا سوں سلام کرتے ہیں
کیا وفادار ہیں کہ ملنے میں
دل سوں سب رام رام کرتے ہیں
کم نگاہی سوں دیکھتے ہیں ولے
کام اپنا تمام کرتے ہیں
کھولتے ہیں جب اپنی زلفاں کوں
صبح عاشق کوں شام کرتے ہیں
صاحب لفظ اس کوں کہہ سکیے
جس سوں خوباں کلام کرتے ہیں
دل لجاتے ہیں اے ولیؔ میرا
سرو قد جب خرام کرتے ہیں
غزل
خوب رو خوب کام کرتے ہیں
ولی محمد ولی