EN हिंदी
خود سے ہوا جدا تو ملا مرتبہ تجھے | شیح شیری
KHud se hua juda to mila martaba tujhe

غزل

خود سے ہوا جدا تو ملا مرتبہ تجھے

وزیر آغا

;

خود سے ہوا جدا تو ملا مرتبہ تجھے
آزاد ہو کے مجھ سے مگر کیا ملا تجھے

اک لحظہ اپنی آنکھ میں تو جھانک لے اگر
آؤں نظر میں بکھرا ہوا جا بجا تجھے

تھا مجھ کو تیرا پھینکا ہوا پھول ہی بہت
لفظوں کا اہتمام بھی کرنا پڑا تجھے

یہ اور بات میں نے صدائیں ہزار دیں
آئی نہ دشت ہول سے اک بھی صدا تجھے

تو نے بھی خود کو مرکز عالم سمجھ لیا
لگ ہی گئی زمانے کی آخر ہوا تجھے

کیا قہر ہے کہ رنگوں کے اس اژدہام میں
جز رنگ زرد اور نہ کچھ بھی ملا تجھے

نظروں نے تار تار کیا آسماں تمام
آئی نہ راس تاروں بھری یہ ردا تجھے

دائم رہے سفر میں ترا ناقۂ خیال
دیتا رہوں میں روز یہی بد دعا تجھے

کہنے کو چند گام تھا یہ عرصۂ حیات
لیکن تمام عمر ہی چلنا پڑا تجھے