خود پسندانہ تقاضوں پر اگر جائے گی
زیست اپنی ہی نگاہوں سے اتر جائے گی
ہم نے مانا یہیں کھینچ آئے گی منزل لیکن
اے جنوں عزت ارباب سفر جائے گی
آپ تکلیف توجہ نہ کریں بہر خدا
زندگی جیسے بھی گزرے گی گزر جائے گی
لوگ کیا سمجھیں گے پہنائی دامان جنوں
جب بھی جائے گی گریباں پہ نظر جائے گی
ہم تو بد نام وفا ہوں گے تو ہوں گے لیکن
آبرو تیری بھی اے دیدۂ تر جائے گی
غزل
خود پسندانہ تقاضوں پر اگر جائے گی
مختار ہاشمی