EN हिंदी
خود اپنی سوچ کے پنچھی نہ اپنے بس میں رہے | شیح شیری
KHud apni soch ke panchhi na apne bas mein rahe

غزل

خود اپنی سوچ کے پنچھی نہ اپنے بس میں رہے

زمان کنجاہی

;

خود اپنی سوچ کے پنچھی نہ اپنے بس میں رہے
کھلی فضا کی تمنا تھی اور قفس میں رہے

بچھڑ کے مجھ سے عذاب ان پہ بھی بہت گزرے
وہ مطمئن نہ کسی پل کسی برس میں رہے

میں ایک عمر سے ان کو تلاش کرتا ہوں
کچھ ایسے لمحے تھے جو اپنی دسترس میں رہے

لہو کا ذائقہ کڑوا سا لگ رہا ہے مجھے
میں چاہتا ہوں کہ کچھ تو مٹھاس رس میں رہے

کسی کا قرب مرے دل کی روشنی ٹھہرے
کسی کے آنے سے خوشبو مرے نفس میں رہے

سنا ہے اس کی گزرتی ہے تازہ پھولوں میں
زمانؔ جس کے لیے شہر خار و خس میں رہے