خراب دید کو یوں ہی خراب رہنے دے
کوئی حجاب اٹھا دے نقاب رہنے دے
زمان ہجر سہی پھر بھی اے جنون امید
دماغ میں یہی رنگین خواب رہنے دے
نوازشیں نہ بدل دیں کہیں مزاج وفا
نگاہ لطف میں موج عتاب رہنے دے
بدل نہ ہوش پرستش سے مستی الفت
تجلیوں پہ فریب نقاب رہنے دے
وفور حسن کو اسرار دلنواز سکھا
نظر نوازئ رنگ شباب رہنے دے
حضور حسن ہے بس عرض اشتیاق سہاؔ
فسانۂ دل خانہ خراب رہنے دے
غزل
خراب دید کو یوں ہی خراب رہنے دے
سہا مجددی