EN हिंदी
خفا اس سے کیوں تو مری جان ہے | شیح شیری
KHafa us se kyun tu meri jaan hai

غزل

خفا اس سے کیوں تو مری جان ہے

میر اثر

;

خفا اس سے کیوں تو مری جان ہے
اثرؔ تو کوئی دم کا مہمان ہے

تیرے عہد میں سخت اندھیر ہے
کہ عشق و ہوس ہر دو یکسان ہے

کہوں کیا خدا جانتا ہے صنم
محبت تری اپنا ایمان ہے

دل و غم میں اور سینہ و داغ میں
رفاقت کا یاں عہد و پیمان ہے

تجھے بھی کبھو کچھ مرا ہے خیال
مجھے مرتے مرتے ترا دھیان ہے

نہ دیکھا پھر آخر کہ مشکل پڑی
ادھر دیکھنا ایسا آسان ہے

قیامت یہی ہے کہ ابرو کماں
تجھے جن نے دیکھا سو قربان ہے

گلوں کی طرح چاک کا اے بہار
مہیا ہر اک یاں گریبان ہے

بھلا دید کر لیجئے مفت ہے
کہ اب تک ستم گر وہ انجان ہے

مجھے قتل کرتے تو اونیں کیا
پر اپنے کئے پر پشیمان ہے

نہیں ہے یہ قاتل تغافل کا وقت
خبر لے کہ باقی ابھی جان ہے

تأمل کہاں ورنہ چوں غنچہ یاں
جو سر ہے سو غرق گریبان ہے

یہ کیا ہو گیا دیکھتے دیکھتے
اثرؔ میں تو میں وہ بھی حیران ہے