EN हिंदी
خاک میں ملنا تھا آخر بے نشاں ہونا ہی تھا | شیح شیری
KHak mein milna tha aaKHir be-nishan hona hi tha

غزل

خاک میں ملنا تھا آخر بے نشاں ہونا ہی تھا

اجیت سنگھ حسرت

;

خاک میں ملنا تھا آخر بے نشاں ہونا ہی تھا
جلنے والے کے مقدر میں دھواں ہونا ہی تھا

ہم نہ کہتے تھے کہ دیدے پھوٹ جائیں گے ترے
رات دن رونے سے آنکھوں کا زیاں ہونا ہی تھا

حرف ساکت بن گیا تقطیع سے خارج ہوا
اس غزل کی بزم سے مجھ کو نہاں ہونا ہی تھا

کیا ہوا جو بھول بیٹھے ہیں سبھی قاری مجھے
اک نہ اک دن مجھ کو بھولی داستاں ہونا ہی تھا

دھار پر چلنا تھا مجھ کو کودنا تھا آگ میں
زندگی میں ایک دن یہ امتحاں ہونا ہی تھا

روئی بن کر اڑ گئے پربت زمیں ہے زیر آب
یہ کرشمہ بھی تو زیر آسماں ہونا ہی تھا

صبر کر حسرتؔ نہ رو اجڑے چمن کو دیکھ کر
دیدنی منظر کو آنکھوں سے نہاں ہونا ہی تھا