EN हिंदी
کھا لیتے ہیں غصے میں تلوار کٹاری کیا | شیح شیری
kha lete hain ghusse mein talwar kaTari kya

غزل

کھا لیتے ہیں غصے میں تلوار کٹاری کیا

مصحفی غلام ہمدانی

;

کھا لیتے ہیں غصے میں تلوار کٹاری کیا
ہم لوگ ہیں سودائی اوقات ہماری کیا

بجلی سے لپٹ کر ہم بھسمنت ہوئے آخر
اس کو ترے دامن کی سمجھے تھے کناری کیا

جوں شمع سر شب سے میں رونے کو بیٹھا ہوں
تا آخر شب دیکھوں دکھلائے یہ زاری کیا

گھبرائی جو پھرتی ہے اس طور صبا ہر سو
آتی ہے گلستاں کو اس گل کی سواری کیا

رونا مری آنکھوں سے جب تک کہ نہ سیکھے گا
جا بیٹھ تو رووے گا اے ابر بہاری کیا

سوتے سے تو اٹھنے دو ٹک اس کو سحر ہوتے
دیکھو گے کہ مچلے گی وہ چشم خماری کیا

نرگس کی خجل آنکھیں اتنی تو نہ تھیں گاہے
اس چشم مفتن سے بازی کوئی ہاری کیا

اوقات مجرد کی کس طرح بسر ہووے
جنگل ہے یہ بکتی ہے یاں نان نہاری کیا

اے مصحفیؔ میں اس کو جی جان سے گو چاہا
آخر کو ہوا حاصل جز ذلت و خواری کیا