EN हिंदी
کبھی اندھیرے سے گھبرائے روشنی سے کبھی (ردیف .. غ) | شیح شیری
kabhi andhere se ghabrae raushni se kabhi

غزل

کبھی اندھیرے سے گھبرائے روشنی سے کبھی (ردیف .. غ)

جاوید لکھنوی

;

کبھی اندھیرے سے گھبرائے روشنی سے کبھی
کبھی بجھائے چراغ اور کبھی جلائے چراغ

وہ بجھتے دل کو نہ دیکھیں کسی کے خوب ہے یہ
وہ منہ کو پھیر لیں جس وقت جھلملائے چراغ

لحد پہ چل کے ہوا گر بجھاتی ہے تو بجھائے
تمہارا ہو چکا احساں کہ خود جلائے چراغ

لحد پہ بوئے وفا آ رہی تھی وقت سحر
کہیں کہیں جو پڑے ہیں جلے‌ جلائے چراغ

اک آہ گرم سے تربت میں کام لینے دو
یوں ہی جلائے اسی طرح سے بجھائے چراغ

جو تھا تو بس وہی دل سوز بھی تھا اے جاویدؔ
کسی نے دل نہ جلایا یہاں سوائے چراغ