EN हिंदी
کب خوں میں بھرا دامن قاتل نہیں معلوم | شیح شیری
kab KHun mein bhara daman-e-qatil nahin malum

غزل

کب خوں میں بھرا دامن قاتل نہیں معلوم

مصحفی غلام ہمدانی

;

کب خوں میں بھرا دامن قاتل نہیں معلوم
کس وقت یہ دل ہو گیا بسمل نہیں معلوم

اس قافلے میں جاتے ہیں محمل تو ہزاروں
پر جس میں کہ لیلیٰ ہے وہ محمل نہیں معلوم

درپیش ہے جوں اشک سفر ہم کو تری کا
دن رات چلے جاتے ہیں منزل نہیں معلوم

حیران ہیں ہم اس کے معمائے دہن میں
کیوں کر کھلے یہ عقدۂ مشکل نہیں معلوم

اے مصحفیؔ جل بھن کے ہوا خاک میں سارا
دکھلاوے گی اب کیا تپش دل نہیں معلوم