EN हिंदी
جنوں برسائے پتھر آسماں نے مزرع جاں پر | شیح شیری
junun barsae patthar aasman ne mazra-e-jaan par

غزل

جنوں برسائے پتھر آسماں نے مزرع جاں پر

ارشد علی خان قلق

;

جنوں برسائے پتھر آسماں نے مزرع جاں پر
جفائے پیر سبقت لے گئی بیداد طفلاں پر

لگایا عطر جب ہم نے لب رنگین جاناں پر
تو گویا تیل چھڑکا آتش لعل بدخشاں پر

نہیں یہ معجزہ موقوف کچھ موسیٔ عمراں پر
پیالے ہیں ید بیضا کف پر نور مستاں پر

کبھی چلتی نہیں باد بہاری اپنے گلشن میں
وہ بلبل ہوں کہ وارفتہ ہوں میں گلہائے حرماں پر

بیاض‌ کوۓ جاناں بلبل شیراز گر دیکھے
صفت اس بوستاں کی لکھے اوراق گلستاں پر

کیا قتل اس نے مجھ کو میں نے کی قاتل کی آرائش
جمایا خون کا لاکھا لب شمشیر براں پر

پس دیوار تڑپو گے کہاں تک شوق کہتا ہے
کمند آہ سے چڑھ جاؤ بام قصر جاناں پر

تصور بندھ گیا وحشت میں کس کے روئے روشن کا
کہ عالم وادیٔ ایمن کا ہے اپنے بیاباں پر

ہمیشہ سبز رہتا ہے گلستاں جود و بخشش کا
کبھی باد خزاں چلتے نہ دیکھی باغ احساں پر

ہوا جامے سے باہر کس قدر شوق شہادت ہے
پڑی جس دم نظر قاتل تری شمشیر عریاں پر

یہ کس مہر سپہر حسن نے رکھے قدم اپنے
گمان مہر ہے ہر ذرۂ خاک شہیداں پر

تمہارا مسکرانا جانتا ہوں جان کھوئے گا
کرے گی ایک دن برق تبسم خرمن جاں پر

نہیں بس آج کل سلطان اقلیم شہادت میں
ہے اپنے نام کا سکہ زر گنج شہیداں پر

مٹا دیں تیزیاں اے ضعف تو نے دشت وحشت میں
پڑا ہے صورت تار گریباں چاک داماں پر

بنا کر تل رخ روشن پہ وہ شوخی سے کہتے ہیں
یہ کاجل ہم نے پارا ہے چراغ ماہ تاباں پر

انہیں پروا نہیں ہے کچھ نہ ہو گر باڑ کا ڈورا
کہ ڈورے ڈالتے ہیں یار کی ہم تیغ عریاں پر

دہن ہو اس کے پیدا اور زباں اس کی ہویدا ہو
زبان زخم کو رکھ دوں زبان تیغ براں پر

پڑا عکس شفق تو ناز سے کہنے لگا قاتل
چڑھا سونے کا پانی گنبد قبر شہیداں پر

ہمارے یار نے کیں چھپ کے باتیں پیار کی ہم سے
لگایا آج پوشیدہ یہ مرہم زخم پنہاں پر

اگر روشن کروں اس کو چراغ داغ سودا سے
دھواں زنجیر بن جائے سیر شمع شبستاں پر

ہوا دھوکا جو ہم کو تیغ خوں آلود قاتل کا
گلا رگڑا کیے ہم موجۂ خون شہیداں پر

مضامیں اس کے جب باندھے تو بندش صاف دی ہم نے
جلا کر دی ہمیشہ گوہر مضمون دنداں پر

پس مردن قلقؔ احساں کیا یہ ناتوانی نے
سبک میرا جنازہ ہو گیا دوش عزیزاں پر