EN हिंदी
جو دل پہ گزرتی ہے وہ سمجھا نہیں سکتے | شیح شیری
jo dil pe guzarti hai wo samjha nahin sakte

غزل

جو دل پہ گزرتی ہے وہ سمجھا نہیں سکتے

شکیل بدایونی

;

جو دل پہ گزرتی ہے وہ سمجھا نہیں سکتے
ہم دیکھنے والوں کو نظر آ نہیں سکتے

بے قید و رسوم آئی ہیں گلشن میں بہاریں
اب ہاتھ گریباں کی طرف جا نہیں سکتے

رنگینئ مستقبل روشن ہے نظر میں
ہم تلخی ماحول سے گھبرا نہیں سکتے

مغرور نہ ہو فضل خزاں آ کے چمن میں
ایسے بھی ہیں کچھ پھول جو مرجھا نہیں سکتے

مانا وہ مجھے اپنی نگاہوں سے گرا دیں
لیکن مرے احساس کو ٹھکرا نہیں سکتے

ارباب خرد لاکھ سبک گام ہوں لیکن
بے فیض جنوں راہ طلب پا نہیں سکتے

مانا کہ ترے لطف و کرم خواب ہیں لیکن
ہر شخص کو یہ خواب نظر آ نہیں سکتے

تفسیر دو‌ عالم ہے شکیلؔ اپنا تغزل
میدان غزل چھوڑ کے ہم جا نہیں سکتے