EN हिंदी
جس کو چاہا تھا نہ پایا جو نہ چاہا تھا ملا | شیح شیری
jis ko chaha tha na paya jo na chaha tha mila

غزل

جس کو چاہا تھا نہ پایا جو نہ چاہا تھا ملا

شاہد عشقی

;

جس کو چاہا تھا نہ پایا جو نہ چاہا تھا ملا
بخششیں ہیں بے حساب اس کی ہمیں کیا کیا ملا

اجنبی چہروں میں پھر اک آشنا چہرا ملا
پھر مجھے اس کے تعلق سے پتہ اپنا ملا

اس چمن میں پھول کی صورت رہا میں چاک دل
اس چمن میں شبنم آسا میں سدا پیاسا ملا

پھر قدم اٹھنے لگے ہیں شہر نا پرساں کی سمت
میرے پائے شوق کو تو ایک ہی رستا ملا

دیکھ کر اس کو بھلا پھر کس کو دیکھا جائے ہے
مجمع اغیار میں بھی اس سے میں تنہا ملا

یوں ہوا رخصت رہی باقی نہ ملنے کی امید
یوں ہوا جیسے ہو مدت کا کوئی بچھڑا ملا