جس کا درد بٹاؤ گے
اس سے رنج اٹھاؤ گے
سب کو دوست بناؤ گے
سب کو دشمن پاؤ گے
دیوانے کو مت سمجھاؤ!
دیوانے کہلاؤ گے
دور نہ جاؤ نظروں سے
دنیا میں کھو جاؤ گے
محفل محفل چھپتے ہو
خلوت خلوت پاؤ گے
تن آسانی کہتی ہے
مشکل میں پڑ جاؤ گے
محسنؔ جو سمجھاتے ہو
خود کو بھی سمجھاؤ گے

غزل
جس کا درد بٹاؤ گے
محسنؔ بھوپالی