جلوہ فروش خاص کا انداز عام دیکھ
ہر ذرے کے وجود میں اس کا قیام دیکھ
آئے گا پست تجھ کو نظر پھر ہر آستاں
سجدوں میں بیٹھ کر تو حسیں کا مقام دیکھ
تیری تلاش میں ہیں مرے ساتھ سرگراں
میری حیات و موت کا سودائے خام دیکھ
ہو دیکھنا عروج میں شان زوال اگر
یہ مہر نیمروز یہ ماہ تمام دیکھ
مخمورؔ اگر سمجھ میں نہ آئے مآل زیست
بعد نمود صبح سیاہیٔ شام دیکھ

غزل
جلوہ فروش خاص کا انداز عام دیکھ
مخمور جالندھری