EN हिंदी
جبین شوق کو کچھ اور بھی اذن سعادت دے | شیح شیری
jabin-e-shauq ko kuchh aur bhi izn-e-saadat de

غزل

جبین شوق کو کچھ اور بھی اذن سعادت دے

عبدالعلیم آسی

;

جبین شوق کو کچھ اور بھی اذن سعادت دے
کہ ذوق زندگی محدود سنگ آستاں تک ہے

نوید رستگاری پر عبث دل شاد ہوتا ہے
ابھی صد دام اے بلبل قفس سے آشیاں تک ہے

یہ احساس تعلق مجھ کو مٹنے بھی نہیں دیتا
کہ تیری داستاں کا ربط میری داستاں تک ہے

ترانہ چھیڑ وہ مطرب کہ روح عشق چونک اٹھے
خروش نالۂ غم کیا جو سوز جسم و جاں تک ہے

سراپا آرزو بن کر کمال مدعا ہو جا
وہ ننگ عشق ہے جو آرزو آہ و فغاں تک ہے

زمانہ چاہیے تکمیل ذوق لذت غم کو
ابھی دنیائے دل محدود ذکر این و آں تک ہے

بیابان محبت کی نوازش پوچھنا کیا ہے
امید و بیم کی حالت فقط سود و زیاں تک ہے

کہاں سے لائے گی دنیا ہماری ہمتیں آسیؔ
محبت میں قدم اپنا فقط کون و مکاں تک ہے