جب عقل نے کر ڈالا جذبات سے سمجھوتہ
ہم کیوں نہ کریں اپنے حالات سے سمجھوتہ
جینے کے لیے آخر کرنا ہی پڑا مجھ کو
دن رات کی گردش میں دن رات سے سمجھوتہ
حالات بدلنے میں کچھ دیر نہیں لگتی
بہتر ہے ابھی کر لیں حالات سے سمجھوتہ
جب اس نے جھلک دیکھی پستی میں بلندی کی
سورج نے کیا بڑھ کر ذرات سے سمجھوتہ
آسان نہیں اپنی اوقات سمجھ لینا
مشکل ہے بہت اپنی اوقات سے سمجھوتہ
کی یوں تو مرے نفس سرکش نے بہت کوشش
ٹوٹا نہ مرے سر کا سجدات سے سمجھوتہ
ہر سمت فضاؤں سے برسے تو لہو برسے
یہ کس نے کیا چھپ کر برسات سے سمجھوتہ
جب دل کے تقاضوں کو خود عقل ہی ٹھکرا دے
تب ہو بھی تو کیسے ہو جذبات سے سمجھوتہ
حالات نے سمجھوتہ اے سازؔ کیا مجھ سے
میں نے نہ کیا اپنے حالات سے سمجھوتہ
غزل
جب عقل نے کر ڈالا جذبات سے سمجھوتہ
محمود بیگ ساز