EN हिंदी
اس دور میں توفیق انا دی گئی مجھ کو | شیح شیری
is daur mein taufiq-e-ana di gai mujhko

غزل

اس دور میں توفیق انا دی گئی مجھ کو

قتیل شفائی

;

اس دور میں توفیق انا دی گئی مجھ کو
کس جرم کی آخر یہ سزا دی گئی مجھ کو

میں نے جو کیا فصل بہاراں کا تقاضا
اک پھول کی تصویر دکھا دی گئی مجھ کو

یہ کون مرے نام کو دہرا سا رہا ہے
شاید کسی گنبد میں صدا دی گئی مجھ کو

وہ ان کا ملانا مجھے اک صاحب زر سے
اوقات مری یاد دلا دی گئی مجھ کو

پہلے تو نوازا گیا میں خلعت غم سے
پھر شہریت ملک وفا دی گئی مجھ کو

حیرت ہے کہ اس بار بزرگوں کی طرف سے
تکمیل محبت کی دعا دی گئی مجھ کو

کچھ نامہ لکھے ہی تھے ابھی میرے قلم نے
کاغذ کی طرح آگ لگا دی گئی مجھ کو

گم ہو گیا مستی میں تڑپنے کا مزہ بھی
کیا چیز قتیلؔ آج پلا دی گئی مجھ کو