انقلاب سحر و شام کی کچھ بات کرو
دوستو گردش ایام کی کچھ بات کرو
جام و مینا تو کہیں اور سے لے آئیں گے
مے کشو ساقیٔ گلفام کی کچھ بات کرو
غیر کی صبح درخشاں کا تصور کب تک
اپنی کجلائی ہوئی شام کی کچھ بات کرو
پھر جلانا مہ و خورشید کی محفل میں چراغ
پہلے اپنے ہی در و بام کی کچھ بات کرو
کیا یہ ٹوٹے ہوئے پیمانے لئے بیٹھے ہو
بادہ نوشو ستم عام کی کچھ بات کرو
ذکر فردوس و ارم کل پہ اٹھا رکھتے ہیں
آج تو عارض اصنام کی کچھ بات کرو
میں تو خیر اپنی وفاؤں پہ ہوں نازاں لیکن
وہ جو تم پر ہے اس الزام کی کچھ بات کرو
تلخیٔ کام و دہن سے کہیں غم دھلتے ہیں
ظالمو تلخیٔ ایام کی کچھ بات کرو
اتنا سناٹا کہ احساس کا دم گھٹتا ہے
صبح کا ذکر کرو شام کی کچھ بات کرو
وہی ارشدؔ کہ جلاتا ہے جو آندھی میں چراغ
ہاں اسی شاعر بدنام کی کچھ بات کرو
غزل
انقلاب سحر و شام کی کچھ بات کرو
ارشد صدیقی