اک ایسا مرحلۂ رہ گزر بھی آتا ہے
کوئی فصیل انا سے اتر بھی آتا ہے
تری تلاش میں جانے کہاں بھٹک جاؤں
سفر میں دشت بھی آتا ہے گھر بھی آتا ہے
تلاش سائے کی لائی جو دشت سے تو کھلا
عذاب صورت دیوار و در بھی آتا ہے
سکوں تو جب ہو کہ میں چھاؤں صحن میں دیکھوں
نظر تو ویسے گلی کا شجر بھی آتا ہے
بدن کی خاک سمیٹے ہوئے ہو کیا لوگو
سفر میں لمحۂ ترک سفر بھی آتا ہے
دلوں کو زخم نہ دو حرف نا ملائم سے
یہ تیر وہ ہے کہ جو لوٹ کر بھی آتا ہے
میں شہر میں کسے الزام ناشناسی دوں
یہ حرف خود مرے کردار پر بھی آتا ہے
نظر یہ کس سے ملی ناگہاں کہ یاد آیا
اسی گلی میں کہیں میرا گھر بھی آتا ہے
ہوا کے رخ پہ نظر طائران خوش پرواز
قفس کا سایہ پس بال و پر بھی آتا ہے
میں حرف حرف میں اترا ہوں روشنی کی طرح
سو کائنات کا چہرہ نظر بھی آتا ہے
لہو سے حرف تراشیں جو میری طرح امید
انہیں کے حصہ میں زخم ہنر بھی آتا ہے
غزل
اک ایسا مرحلۂ رہ گزر بھی آتا ہے
امید فاضلی