حق پسندوں سے جہاں بر سر پیکار سہی
کچھ دنوں اور بھی رسوا سر بازار سہی
خون معصوم سے تعمیر ہے بستان وجود
عشرت دہر سے محروم وفادار سہی
جہد و ایثار سے روشن ہے وفا کی قندیل
دل گرفتہ حرم پاک کا معمار سہی
میرا ایمان ہے اعلان حقیقت کرنا
لاکھ منصور کی خاطر رسن و دار سہی
عزم راسخ ہے تو ہر گام ہے منزل بہ کنار
وحشت آثار سوا درۂ دشوار سہی
آبلہ پا سے بجھاتے ہی چلو تشنہ لبی
ممتحن جادۂ اوقات کا ہر خار سہی
بڑھ کے لینا ہے ہمیں جرأت ایثار سے کام
حائل راہ جنود غم و آزار سہی
ڈال دو بحر حوادث میں خدا پر کشتی
نا خدا دام توہم میں گرفتار سہی
راہبر جذبۂ صادق دل معصوم کا ہے
ہر نفس زیست کا اک منزل دشوار سہی
سرفروشان وطن آج وطن کی خاطر
ایک گلزار ہو تعمیر سر دار سہی
حسن اخلاق سے ببیاکؔ رہو سینہ سپر
دست اغیار میں شمشیر شرر بار سہی
غزل
حق پسندوں سے جہاں بر سر پیکار سہی
بیباک بھوجپوری