حق جو مانگا تو مرے ہاتھ میں کشکول دیا
آج اس نے مرے احساس کا در کھول دیا
میرے ہونٹوں کو سخاوت کے قصیدے دے کر
ہر گلی جا کے بجانے کو مجھے ڈھول دیا
چن کے ہر ایک وفا اور مروت میری
مجھ کو تحقیر کی میزان میں کیوں تول دیا
میرے لقمے پہ نظر ایسے پڑی تھی اس کی
زہر سا اک مرے احساس میں بس گھول دیا
اس گھڑی اس نے مری ذات سے مانگی ہے نجات
میری ہستی کی ہر اک شان کو جب رول دیا
ایک لمحے میں بدل ڈالی ہے دل کی دنیا
جانے کیا اس کی نگاہوں نے مجھے بول دیا
جسم میں روح کی مانند سما کر اس نے
عہد ہجراں کا مجھے تحفۂ انمول دیا

غزل
حق جو مانگا تو مرے ہاتھ میں کشکول دیا
نقاش عابدی