EN हिंदी
ہم نے پائی لذت دیدار لیکن دور سے | شیح شیری
humne pai lazzat-e-didar lekin dur se

غزل

ہم نے پائی لذت دیدار لیکن دور سے

مضطر خیرآبادی

;

ہم نے پائی لذت دیدار لیکن دور سے
ان کی صورت دیکھ لی سو بار لیکن دور سے

وہ دکھاتے ہیں ہمیں رخسار لیکن دور سے
اس کا مطلب ہے کہ کر لو پیار لیکن دور سے

اس نے جانچا میرا درد دل مگر آیا نہ پاس
اس نے دیکھا میرا حال زار لیکن دور سے

روزن دیوار سے حسرت بھری آنکھیں لڑیں
ہو گئیں ان سے نگاہیں چار لیکن دور سے

اس نے آنے کا کیا ہے قول لیکن تا بہ در
اس نے ملنے کا کیا اقرار لیکن دور سے

پاس مضطرؔ کس طرح جاتے ہجوم یاس میں
ہو گیا ان کا ہمیں دیدار لیکن دور سے